26

مومنہ بااثر خواتین کی فہرست میں شامل

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)ابھرتی ہوئی نوجوان اور خوبصورت گلوکارہ مومنہ مستحسن ایک اور اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ انہیں بی بی سی کی سال 2017 کی 100 سب سے زیادہ بااثر متاثر کرنے والی خواتین کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

اس فہرست میں ہر سال دنیا بھر سے 100 خواتین کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ مومنہ اس سال یہ اعزاز حاصل کرنے والی واحد پاکستانی خاتون ہیں۔ بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج بھی اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

بی بی سی کی 100 سب سے زیادہ بااثر اور متاثر کرنے والی خواتین کی فہرست میں سے 60 کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ 40 نام سامنے آنا باقی ہیں۔ اس فہرست میں ان خواتین کے ناموں کو شامل کیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں خواتین کو درپیش مسائل کے خلاف جدوجہد کریں۔

بی بی سی نے یہ فہرست پانچویں بار جاری کی ہے جس میں شامل خواتین کو چار بڑے مسائل سے نمٹنے کا چیلنج دیا گیا ہے۔ ان مسائل میں خواتین کو عوامی مقامات پر ہراساں کیا جانا، شرح تعلیم کی کمی، کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل نہ ہونے دینا اور آگے بڑھنے سے روکنے کی غیر اعلانیہ رکاوٹیں شامل ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ جب بی بی سی کی جانب سے مزید چالیس خواتین کے ناموں کا اجراء کیا جائے گا تو کیا کوئی اور پاکستانی خاتون اس میں جگہ بنا پائے گی؟