Protest

11

بھارتی ظلم کے خلاف سکاٹ لینڈ میں احتجاجی مظاہرہ

سکاٹ لینڈ،گلاسگو(سٹیٹ ویوز) بھارتی مظالم کیخلاف تحریک کشمیر برطانیہ سکاٹ لینڈ اور سکاٹش ہیومین رائٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہر ہ ہوا جس کی قیادت ممبراسمبلی آزادکشمیر عبدالرشید ترابی نے کی ، اس موقع پر سکاٹش ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی اور کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے.

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو کشمیر پر جارحیت کر کے قبضہ کیا اور آج تک طاقت کی بنیاد پر اس قبضے کو برقرار رکھے ہوئے ہے کشمیریوں نے اس قبضے کے خلاف مزاحمت کی اور 65ہزار مسلح مجاہدین آزادی کے لیے لڑ رہے تھے،مجاہدین نے اقوام عالم کے وعدے پر سیز فائر کیا اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے وعدہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی اور پیدائشی حق دلائے گی لیکن 70گزرنے کے باوجود وہ حق ابھی کشمیریوں کو حق نہیں دیا گیا اور کشمیری اپنے حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ جس طرح سکاٹ لینڈمیں ریفرنڈم کروایا گیا اسی طرح کشمیریوں کو بھی ریفرنڈم کے ذریعے حق دیا جائے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں انہوں نے کہاکہ نریندر مودی مستند دہشت گرد ہے اور وہ کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کررہا ہے یورپی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی حمایت کرے تا کہ کشمیری بھی اپنا حق لے سکیں انہوں نے کہاکہ نریندر مودی حالات کو جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو یہ ایٹمی جنگ ہو گی اور اس سے پوری دنیا متاثرہو گی ، بھارت کے ظلم اور بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور مارچ کیا گیا،

مظاہرین نے آزادی کے حق اور بھارت کے خلاف مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے احتجاجی مظاہرے سے تحریک کشمیر برطانیہ کے سرپرست اعلیٰ سید طفیل حسین شاہ ، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، سکاٹ لینڈ کے صدر کونسلر حنیف راجہ ِ ڈاکٹر گل اور دیگر کمیونٹی لیڈروں نے خطاب کیااور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف شدید نعرے لگائے ”کشمیریوں کا قتل عام بند کیا جائے،اقوام متحدہ شرم کروکشمیر یوںکے ساتھ انصاف کیا جائے انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کیا جائے ،بھارتی فوج کشمیر سے نکل جائے ، ہم کیا چاہتے آزادی اور بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے“
Protest
احتجاجی مظاہرے سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کیا گذشتہ تیس سالوں میں ایک لاکھ سے زائدکشمیری شہید ہوچکے ہیں بھارت نام نہاد جمہوریت کے نام پر دنیا دھوکہ دے رہا ہے اور بھارت کے ناپاک عزائم سے خطے کے امن کو شدید خطرہ ہے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ سکاٹ لینڈ کے صدر کونسلر حنیف راجہ نے کہا کہ کشمیری پوری دنیا میں یوم سیاہ منا کر دنیا پر واضع کرنا چاہتے ہیں بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے کشمیریوں نے ہمیشہ پُرامن راستہ اختیار کیا ہے اور بھارت کی ہٹ دھرمی دنیا کے لیے بڑا خطرہ ہے مظاہرے سے سید طفیل حسین شاہ،ڈاکٹر گل اور دیگر کمیونٹی کے سیاسی اور سماجی رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں