Chinese doctor

24

پاک چین طبی راہداری :500 مریضوں کی آنکھوں کا مفت علاج کیا جائے گا

کراچی(نیوزڈیسک)پاک چین اقتصادی راہداری کے بعد پاک چین طبی راہداری کا بھی آغاز کردیا گیا طبی راہدری کے پہلے مرحلے میں ماہ جنوری کے دوران کراچی کے 500 مریضوں کی آنکھوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔

یہ بات پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد نے صحافیوں سے گفتگو میں کہی انھوں نے کہا کہ پاکستان میں پاک چین دوستی کی ایک نئی مثال قائم کی جا رہی ہے۔پاکستان آئی بینک سوسائٹی اسپتال نارتھ کراچی میں چین سے آئی ہوئی 8 رکنی ٹیم 500 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کرکے ان کے سفید موتیے کا آپریشن کرے گی پریس کانفرنس میں پاکستان آئی سوسائٹی اسپتال کے ڈاکٹر قاضی واثق سمیت ڈاکٹر احمد بھیمانی اور چینی وفد موجود تھا ۔

پی ایم اے کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران ہومی چی کی قیادت میں آنے والے وفد نے پاکستان کو صحت کے شعبے میں چین کی جانب سے ہمیشہ مدد کی یقین دہانی کرائی ہومی چی نے کہا کہ چین کی جانب سے کراچی میں پہلی بار آنکھوں کا مفت طبی کیمپ لگایا جارہاہے جس میں 10 سے 24 جنوری تک 500 آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی آنکھوں کا آپریشن ہوگا پاک چین طبی راہداری کا یہ منصوبہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور چائنا میڈیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک کے تسلسل کا حصہ ہے تاکہ پاک چین طبی راہدری کو مضبوط اور فعال بنایا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں