23

مظفرآباد کے صحافتی حلقوں کا کیبل بیس سی ڈی نیوزچینلز کی بندش کا خیر مقدم

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز) دارالحکومت کے صحافتی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور بدوں لائسنس چلنے والےتمام کیبل بیس سی ڈی نیوزچینلز کی بندش کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاجروں , وکلاء، سیاسی ومذہبی رہنماوں،سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیات نے بھی ضلعی انتظامیہ اور مظفرآباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی حساس حیثیت کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے بنا کسی قوائد و ضوابط چلنے والے سی ڈی نیوز چینلز کو بند کرنا قابل تعریف اقدام ہے۔

عدلیہ باوقار ہے اور عوام کو انصاف کی فراہمی کا واحد ذریعہ ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ و ہائی کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کے قانونی اقدام اور نیشنل ایکشن پلان کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئےاقدامات کو تحفظ دیں،کیونکہ غیر قانونی چینل مالکان نے قبل ازیں بھی حکم امتناعی کی آڑ لےکر غیر قانونی طور پر نشریات بحال رکھی جس کے ذریعے سیاسی ,مذہبی اور گروہی اعتبار سے ان چینلز کے ذریعہ انتشار پھیلایا گیا کوئی قوائد و ضوابط لاگو نہ ہونے کی وجہ سے ان چینلز پر جس کا جو دل کرتا ہے وہ من پسند نشریات منہ بولے دام دیکر چلوا لیتا تھا جس سے بہت سے معزز شخصیات کی بھی تذلیل کی جاتی رہی۔

اس کے علاوہ ان چینلز پر حکومت سمیت تمام اعلی اداروں کے خلاف بھی نازیبہ الفاظ اور ہرزہ سرائی کی گئی اور خود ساختہ قوم پرست جماعتوں کے ذریعے مسلح افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے دیگر اداروں کےخلاف پراپیگنڈہ کیا گیا، سول سوسائٹی کے افراد کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ، حکومت یا معزز عدلیہ کی جانب سے ان کے لیے کوئی نرمی دکھائی گئی تو یہ چینلز کوئی قوائد و ضوابط نہ ہونے کی وجہ سے پہلے سے زیادہ اس طرح کی کاروائیوں کو طول دیں گے جو ملکی سلامتی کے لیے بھی بہت مضر ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں