22

شاہ رخ خان کا پہلا استاد

لاہور (سٹیٹ ویوز )’’تمہیں فلموں میں کام کرنا چاہیے‘‘ ۔ یہ فقرہ جس شخص نے سب سے پہلے شاہ رخ خان کو کہا اس کا نام بیری جان تھا۔ 1985ء کے موسم گرما کے ایک دن کا ذکر ہے۔ شاہ رخ خان اور اس کے دوست جنوبی دہلی کے ساکٹ نامی علاقے میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شامل تھے۔ تقریب اپنے جوبن پر تھی ڈسکو روشنیاں جھلملا رہی تھیں۔ عارضی طور پر تیار کی گئی رقص گاہ پسینے سے شرابور کالج کے طلبہ سے کھچا کھچ بھر ی ہوئی تھی ۔ شاہ رخ خان نہایت ہی محنتی اور مستعد رقاص کی مانند ادھر ادھر تھرک اور مٹک رہا تھا، بریک ڈانس کر رہا تھا اور وجد کے عالم میں اپنا سر بھی ہلا رہا تھا۔ جون اور جولائی کے تمام عرصے میں شاہ رخ خان ’’اینی گٹ یور گن‘‘ نامی ایک ڈرامے میں کام کرتا رہا تھا جس میں لیڈی شری رام کالج کے طالب علموں نے شرکت کی تھی۔ کالج اور شہر کے مشہور فلمی ادارے تھیٹر ایکشن گروپ کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا تھا جس کے مطابق طالب علموں نے موسیقی اور نغمات میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا۔ بیری جان اس ادارے کا بانی اور ہدایت کار تھا ۔

چونکہ یہ ایک بہت بڑا منصوبہ تھا اس لیے ادارے سے غیرمتعلقہ رقاص آزمائشی جانچ کے بعد منتخب کیے جا رہے تھے۔ بیری کو یہ قطعی معلوم نہ تھا کہ شاہ رخ خان کو کیسے شوق پیدا ہوا کہ وہ بھی آزمائشی جانچ کے مرحلے میں حصہ لے۔ انتخاب کا زیادہ تر مرحلہ مقررہ وقت کے اندر پایۂ تکمیل کو پہنچ چکا تھا۔ بہر حال شاہ رخ خان پہنچا اور اس نے ایک طائفے کیساتھ گلوکار رقاص کے طور پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا۔ پروگرام ختم ہونے کے بعد شاہ رخ خان تھیٹر ایکشن گروپ کے ساتھ منسلک ہو چکا تھا۔ بیری اس کا سب سے پہلا اور واحد اتالیق تھا جس نے شاہ رخ کو اداکاری کے رموز سکھائے۔ کتاب ’’شاہ رخ خان، بالی ووڈ کا بادشاہ‘‘ سے اقتباس)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں