PWF

31

پاکستان انوسٹر فورم کی نئی ایگزیکٹو باڈی کا اعلان کر دیا گیا

ریاض( راجہ عابد عزیز )پاکستان انوسٹر فورم کی نئی ایگزیکٹو باڈی کا اعلان کر دیا گیا،چھ رکنی باڈی میں خالد محمود چوہدری چیرمین ؛ راجہ خالد محمود صدر ؛ غلام صفدر نائب صدر ؛ بابر علی شاہ جنرل سیکرٹری ؛ میاں تنویر جوائنٹ سیکرٹری اور زاہد لطیف سندھو فنانس سیکرٹری مقرر ہوئے ہیں، اس حوالے سے انوسٹر فورم کا پہلا تعارفی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے نومنتخب ارکان شریک ہوئے.

اس موقع پر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے چیرمین خالد محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ 2002 کے بعد انوسٹر فورم کا قیام عمل میں لایا گیا اور اس میں سعودی عربین انوسٹمنٹ اتھارٹی سے لائسنس یافتہ بزنسمین شامل ہوئےاس وقت مجموعی طور پر چار سو پاکستانی بزنسمین انوسٹر فورم کا حصہ ہیں جو کہ ہر دو سال کے بعد ایگزیکٹو باڈی کا چناؤ عمل میں لاتے ہیں.

فورم کے صدر راجہ خالد محمود کا کہنا تھا کہ ہماری اولین یہ کوشش رہی ہے کہ پاک سعودی تعلقات کو تجارت کے ذریعے مزید مستحکم کیا جائے اور دونوں ملکوں کے درمیان ٹریڈ کو بڑھایا جائے،اس سے جہاں کاروباری مراسم مضبوط ہونگے، وہیں پر ایک دوسرے کی مصنوعات سے استعفادہ بھی کر سکیں گے.

جوائنٹ سیکرٹری میاں تنویر احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی بزنس مین ملکر کام کر رہے ہیں،اس سے قبل بھی انوسٹر فورم کی جانب سے ہمیشہ اچھے اقدامات اٹھائے جاتے رہے ہیں ہماری بھی کوشش ہوگی کہ تمام معاملات کو اچھے اور احسن انداز میں آگے بڑھایا جائے،فنانس سیکرٹری زاہد لطیف سندھو کا کہنا تھا کہ نئی ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری تقریب بھی جلد منعقد ہوگی جس میں فورم کے اغراض و مقاصد کو بیان کرنے کے علاوہ دیگر اہم معاملات بھی بیان کیے جائیں گے.