27

دانت صاف نہ کرنے کا سب سے بڑانقصان

نیویارک(نیوزڈیسک)امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ روزانہ دانت صاف نہ کرنے والے افراد میں غذا کی نالی کا کینسر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

دانتوں کے امراض سے متعلق یہ تحقیق امریکا میں ایک لاکھ 22 ہزار افراد پر کی گئی جسے کینسر ریسرچ نامی جریدے نے شائع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ روزانہ دانت صاف نہ کرنے کا عمل جہاں دانتوں کے امراض کا سبب بنتا ہے وہیں دانتوں میں موجود بیکٹیریا کے باعث غذا کی نالی کا سرطان (کینسر) لاحق ہونے کے امکانات میں 21 فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ان افراد کے مشاہدے سے معلوم ہوا ہے کہ دانتوں کے امراض کا غذا کی نالی سے گہرا تعلق ہے، دانتوں میں موجود بیکٹیریا غذا کی نالی پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں اور یہ بیکٹیریا کینسر کا موجب بن سکتے ہیں۔ دانتوں کے مرض کا باعث بننے والے دو قسم کے بیکٹیریا کی وجہ سے حلق سے معدے تک موجود غذا کی نالی کا کینسر لاحق ہونے کے وسیع خطرات ہیں۔