Hassan ali

26

حسن علی کے دل ،دماغ اوراعصاب پر شعیب ملک کاراج

لاہورـ(نیوزڈیسک)شعیب ملک نے اپنے رویے سے حسن علی کو گرویدہ بنا لیاپیسر کا کہنا ہے کہ سینئر آل راؤنڈر نے ہر قدم پر میری رہنمائی کی۔ بولنگ کرتے ہوئے بھی میدان میں ان کے ساتھ سب سے زیادہ بات چیت کرتا ہوں۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپنے آئیڈیل وقار یونس کے انگلینڈ کیخلاف تباہ کن اسپیل کی ویڈیو بار بار دیکھی، سابق کپتان سے پہلی بار ملاقات کا موقع ملا تو بات کرنے کے بجائے ان کا منہ تکتا رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویب سائٹ ’’کرک انفو‘‘ کو انٹرویو میں حسن علی نے کہاکہ قومی ٹیم میں شامل ہوا تو وہاب ریاض، عمرگل اور محمد عرفان سمیت تمام سینئرز نے حوصلہ بڑھاتے ہوئے کسی دباؤ میں نہیں آنے دیا،البتہ شعیب ملک نے ہر قدم پر میری رہنمائی کی، میری بولنگ کے دوران وہ عام طور پر مڈ آن یا مڈ آف پر فیلڈنگ کرتے ہیں، اس لیے میدان میں ان کے ساتھ سب سے زیادہ بات چیت کا موقع ملتا ہے۔

شعیب ملک میری صلاحیتیوں سے اچھی طرح واقف اور اپنے وسیع تجربے کی روشنی میں زبردست مشورے دیتے ہیں۔ ایک سوال پرحسن علی نے کہا کہ وقار یونس کی بولنگ 2000ء میں دیکھنے کا موقع ملا تو بیٹنگ کے بجائے بولنگ پر توجہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

سابق کپتان سے پہلی بار ملاقات کا موقع دورہ ویسٹ انڈیز سے واپسی پر ملا، دبئی ایئرپورٹ پر ہونے والی اس ملاقات میں بولنگ کوچ اظہر محمود نے سابق کپتان سے کہا کہ نوجوان پیسر کو مفید مشورے دیں لیکن میں بات کرنے کے بجائے اپنے ہیرو کا منہ تکتا رہ گیا،میں وقار یونس کی ریورس سوئنگ اور یارکرز سے بڑا متاثر ہوں، چیمپئنز ٹرافی سے قبل سابق پیسر کے انگلینڈ کیخلاف ون ڈے میچ میں تباہ کن اسپیل کی ویڈیو بار بار دیکھی،انھوں نے نئی گیند کا بہترین استعمال کرتے ہوئے 7 شکار کیے تھے۔