24

سلمان بٹ اور آصف کی واپسی کے امکانات روشن ہونے لگے

کراچی(سٹیٹ ویوز )قومی ٹیسٹ ٹیم میں متوقع اکھاڑ پچھاڑ کے نتیجے میں سلمان بٹ اور محمد آصف کی واپسی کے امکانات روشن ہونے لگے ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں،طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں گرین شرٹس کی خراب کارکردگی باعث تشویش ہونے کے سبب قائد اعظم ٹرافی کے کامیاب کھلاڑی بھی سلیکشن کمیٹی کیلئے قابل غورہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب انجری سے نجات کے بعد اوپننگ بیٹسمین اظہر علی نے بھی اپنے کم بیک پر نگاہیں مرکوز کرلی ہیں جن کا کہنا ہے کہ فٹنس کا حتمی فیصلہ ڈاکٹروں کو کرنا ہے البتہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جلد واپس آنا چاہتا ہوں،بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے کی خواہش ہے ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کیخلاف گزشتہ ہوم ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد سزا یافتہ کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی اسکواڈ میں واپسی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز قائد اعظم ٹرافی اور دیگر ڈومیسٹک ایونٹس میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لہذا انہیں آزمائش کیلئے میدان میں اتارنے پر غور کیا جا رہا ہے اور ویسے بھی ایک حالیہ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ ہوا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ اسکواڈ میں ترجیح دی جائے لہذا دونوں سزا یافتہ کرکٹرز جلد قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ممکن بنا سکتے ہیں۔