OPF

اوپی ایف ایڈوائزری کونسل کے ممبران کے اعزازمیں پروگرام

ریاض (راجہ عابد عزیز ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اوورسیز پاکستانی فاونڈیشن ایڈوائزری کونسل کے نو منتخب ممبران زاہد محمود سندھو ، ملک محمود ڈوگر ، اور ناصر محمود آرائیں کی جانب سے ریاض کے مقامی ہوٹل میں تعارفی پروگرام کاانعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز فیصل علوی نے تلاوت قرآن مجید سے کیا اور ہدیہ نعت کی سعادت معروف صحافی اور پاک میڈیا فورم کے جنرل سیکرٹری عابد شمعون چاند کو حاصل ہوئی جبکہ نظامت کے فرائض مسلم لیگ ن کے صدر خالد اکرم رانا نے بڑی خوش اسلوبی سے سر انجام دیئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ اور محمود لطیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب یہاں پر مزدور ہیں ہمارا کام خدمت کرکے دل جیتنا ہے سفارتخانہ پاکستان کمیونٹی کے لیے فوکل پوائنٹ ہے اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق کی ہدایات کی روشنی میں ہم کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل پر تیزی سے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی میں سعودی قوانین سے بھرپور آگاہی کیلئے کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی قوانین سے آگائی نہ ہونے کی وجہ سے جیل میں پڑی ہے جن کی رہائی کیلئے سفارتخانہ بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

تقریب سے او پی ایف کے چیئرمین امجد ملک نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او پی ایف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گا انہوں نے کہا کہ ہم پروفیشنل لوگوں کو آگے لائیں گے جو بہتر طریقے سے کام کرسکیں سعودی عرب کا گروپ سب سے ایکٹو گروپ ہے سفارتخانہ پاکستان بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہے جو مسائل کو حل کرنے میں بھرپور ساتھ دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ او پی ایف اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پانچ مرلے کے سستے گھر اور فلیٹس بنا کر دیگا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر جاوید اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور قومی اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے نشستیں مختص کی جائیں اس موقع پر او پی ایف سے سابق ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر اصغرقریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او پی ایف کے اغراض مقاصد بہت اچھے ہیں لیکن بدقسمتی سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں کوئی خاطر خواہ کام نہیں کر سکا انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری کونسل کا قیام خوش آئندہ ہے۔

تقریب سے ملک محمود ڈوگر، ناصر محمود آرائیں ، میڈم تسنیم امجد ، عبدالقادر ملاح ، عبدالستار غزالی اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر رانا خادم حسین نے اپنی شاعری محفل کو خوب گرمایا اور داد وصول کی تقریب کے اختتام پر حافظ عبدالوحید نے اختتامی دعا کروائی۔ تقریب کے مہمانان گرامی اور حاضرین نے خوبصورت تقریب کا انعقاد کرنے پر ایڈوائزری کونسل کے ممبران ملک محمود ڈوگر ، ناصر محمود آرائیں ، اور زاہد لطیف سندھو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم سب پر امید ہیں کہ یہ ممبران پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہے گے جس پر میزبان ممبران نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی