Facebook

رواں سال فیس بک پر ریکارڈ 17 ارب ویڈیو چیٹ کی گئیں

کیلیفورنیا(نیوزڈیسک) فیس بک سروسز کے ہوش ربا اضافے کے بعد اب مزید حیران ہونے کے لیے تیار ہوجائیں کہ اس سال فیس بک ویڈیو چیٹ کی تعداد 17 ارب سے بھی تجاوز کرگئی جو سال 2016ء کے مقابلے میں دگنی تعداد ہے۔

فیس بک نے سال کے اختتام پر اعداد وشمار ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چیٹ ایپ پر کل 17 ارب سے زائد کالز کی گئیں، اس کے بعد فیس بک ویڈیو کال ایپ نے واٹس ایپ اور اسکائپ کو پیچھے چھوڑ دیا اور اسے 2017ء میں 17 ارب سے زائد افراد نے استعمال کیا۔

واضح رہے کہ ابھی مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کے اعدادوشمار ظاہر نہیں کیے اور نہ ہی ایپل نے فیس ٹائم ویڈیوز کی تعداد بتائی ہے اسی وجہ سے فیس بک کے دعوے کو دیگر پلیٹ فارم کے مقابلے پر پرکھا نہیں جاسکتا تاہم ایک سال میں فیس بک ویڈیو کی تعداد کا دگنا ہونا ایک اچھی پیش رفت ہے۔

تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ فون پر غلطی سے بھی بار بار ویڈیو چیٹ بٹن دب جاتا ہے جس سے ویڈیو کال لگ جاتی ہے تاہم ان کالز کے باوجود بھی 17 ارب کا ہندسہ ایک معنی رکھتا ہے۔ فیس بک نے اپنے پلیٹ فارم پر اظہار کے دیگر طریقے بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے 500 ارب ایموجی شیئر کیے گئے جن میں خوشی، غمی اور غصے کے اظہار کرنے والے چھوٹے کارٹون نما ایموجی استعمال کیے گئے اس کے علاوہ فیس بک کے صارفین نے 18 ارب گف اور اینی میٹڈ تصاویر شیئر کی ہیں۔

اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فیس بک نے اسی سال میسنجر لائٹ بھی متعارف کرایا ہے جس پر صرف چیٹ کی جاسکتی ہے لیکن اس پر ویڈیو کال نہیں کی جاسکتی۔