قائداعظم کی سالگرہ کے حوالے سے سنگاپور ہائی کمیشن میں پروقار تقریب

سنگاپور(نیوزڈیسک)قائداعظم کی سالگرہ کے موقع پر سنگاپور ہائی کمیشن میں پروقار تقریب کااہتمام کیا گیا جس میں پاکستان سفارتخانے کی جانب سے قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

شرکاء تقریب سے مخاطب ہوتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نصراللہ خان نے پاکستان کے حصول کیلئے قائداعظم محمدعلی جناح کی جدوجہد کا ذکر کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں آباؤاجداد کی قربانیوں کاحوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زوردیاکہ ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے قائداعظم کے بتائے گئے اصولوں اتحاد ،یقین اورتنظیم کواپنانا ہوگا تاکہ پاکستان کا نام دنیا کی اقوام میں اونچا کیا جائے اس مقصد کیلئے ضروری ہے کہ پاکستانی اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم جہاں بھی موجود ہیں پاکستان کی سربلندی کو اپنا نصب العین بنالیں۔

اس موقع پر نصر اللہ خان نے یہاں موجود پاکستانیوں کی ان کاوشوں کو سراہا جو کہ وہ پاکستان کی نیک نامی کیلئے سنگاپور میں کررہے ہیں ۔اس موقع کی مناسبت سے ہائی کمیشن کے پریس سیکشن نے تاریخی تصاویر اورکتابوں کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا جس میں جدوجہد آزادی سے متعلق رکھنے والی تصاویر اورقائداعظم پر لکھی گئی کتابیں ہماراقائد اورمیں ہوں قائدکاپاکستان کے تحت پیش کی گئیں اس موقع پر قائداعظم کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔اس تقریب میں مختلف مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد افراد،نمائندگان اورسنگاپورکے شہریوں نے شرکت کی۔