سانحہ قصور،پیر حمید الدین سیالوی بھی میدان میں آ گئے

سرگودھا(سٹیٹ ویوز/ویب ڈیسک ) سانحہ قصور کے بعد ملکی حالات میں پیدا ہونے والی ہلچل کے پیشِ نظر پیر حمید الدین سیالوی نے داتا دربار پر دھرنا ملتوی کر دیا ہے۔ نئی تاریخ کا اعلان مشاورت سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب، تحریک انصاف بھی ختم نبوت کے مسئلے پر متحرک ہو گئی ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےجہانگیر ترین کو اس سلسلے میں خصوصی ٹاسک دیدیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، جہانگیر ترین کی قیادت میں پی ٹی آئی کا وفد کل پیر حمید الدین سیالوی سے اہم ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں ختم نبوت تحریک سے متعلق تبادلہ خیال ہو گا۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ختم نبوت ایمان کا اہم ترین جزو ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں۔

یاد رہے کہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیرحمید الدین سیالوی نے حکومت کیخلاف دھرنا دینے کی تیاری شروع کردی ہے،9جنوری کوداتا دربار پرحاضری کو دھرنے میں تبدیل کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی نے وزیرقانون پنجاب راناثناء اللہ کے استعفے کیلئے بھرپوراقدام اٹھانے کافیصلہ کیاہے۔

نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق پیر نظام الدین نے بتایاکہ پنجاب حکومت کیخلاف احتجاجی دھرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ پیرحمیدالدین سیالوی نے فیصلہ کیاہے کہ وزیرقانون پنجاب کے استعفے کیلئے دھرنا دیاجائے گا۔تاہم علماء مشائخ کی 9جنوری کوداتادربار حاضری کو دھرنے میں تبدیل کرنے کابھی فیصلہ کیاگیاہے۔

دھرنا وزیرقانون پنجاب راناثناء اللہ کے استعفے تک جاری رہے گا۔جبکہ دوسری جانب ایک سو گدی نشین اور مشائخ نے رانا ثنا اللہ کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر قانون پنجاب اگر مستعفیٰ نہ ہوئے تو لاکھوں مریدین کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے۔

گدی نشین اور مشائخ کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیاہے کہ رانا ثنا اللہ کسی بھی پلیٹ فارم پر معافی مانگ کر ایمابن کی تجدید کرسکتے ہیں۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر رانا ثنا اللہ مستعفیٰ نہ ہوئے تو لاکھوں مریدین کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے اور پھر حتمی فیصلہ ہونے کے بعد ہی واپس جائیں گے۔

خواجہ عطا اللہ، پیرنظام الدین، خواجہ حمید الدین، پیر دیوان عظمت، پیر سلطان، پیر عاشق حسین، جلیل احمد شرقپوری، پیر مظہر کاظمی، پیر ریاض حسین، پیر غلام مصطفیٰ سمیت دیگر مشائخ نے آج فیصل آباد میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں بھرپور شرکت کا اعلان بھی کیا ہے۔

دوسری جانب سجادہ نشین آستانہ بابامستان شاہ پشاورنے بھی پیرحمیدالدین سیالوی کی حمایت کرتے ہوئے کانفرنس میں لاکھوں مریدوں کے ساتھ شرکت کا اعلان کردیا۔سنی اتحاد کونسل کی جانب سے آج فیصل آباد میں ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔

جس کا بنیادی مقصد وفاقی وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنا ہے۔یاد رہے کہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنان نے ڈاکٹر آصف جلالی کی سربراہی میں 7 روز تک پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیا تھا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ رانا ثنا اللہ فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوں اور اپنے آپ کو مسلمان ثابت کریں۔