مقبوضہ کشمیر: 17-2016 میں 753کشمیریوں پرکالا قانون’پی ایس اے‘لاگو کیا گیا

سرینگر (سٹیٹ ویوز) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی حکومت نےکہا ہےکہ سال 2016 ، 2017کے دوران کل 7 سو 53 کشمیریوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا گیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارت نواز جماعت نیشنل کانفرنس کے رکن مبارک گل کے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ سال 2016کے دوران 5سو 52جبکہ سال 2017کے دوران 2سو 1کشمیریوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند کیا گیا۔کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان میں سے 676افرا د کو اب تک رہا کیاگیا ہیں جبکہ 77تاحال نظر بند ہیں۔

کٹھ پتلی وزر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نام نہاد اسمبلی کے ایک اور رکن شمیمہ فردوس کے ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ جولائی 2016سے فروری2017تک مقبوضہ علاقے میں 9ہزار 42افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ان میں سے 3سو68گولیاں، 6ہزار 2سو 21پیلٹ ، 4پاوا شیل لگنے سے جبکہ 2ہزار4سو 29افراد دیگر وجوہات کے سبب زخمی ہوئے۔ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ نے اپنے جواب میں کہا کہ اس عرصے کے دورا ن 15افراد مکمل طور پر جبکہ 39لوگ جزوی طور پر معذور ہوئے ہیں۔اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے میں سب سے زیادہ 1ہزار 5سو 71افراد ضلع پلوامہ میں زخمی ہوئے۔K