مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس نےمختاروازہ اوربلال صدیقی کوگرفتارکرلیا

سرینگر (سٹیٹ ویوز) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی پولیس نے حریت رہنماء اور جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مختار وازہ پارٹی رہنمائوں کے ساتھ کولگام کے علاقے کھڈونی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے جارہے تھے جب پولیس نے انہیں گھر کے باہر سے گرفتار کر کے نظربند کردیا۔

پیپلز لیگ کے ترجمان نے ایک بیان میں مختار وازہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ قابض انتظامیہ نے حریت قائدین کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے ۔ ادھر پولیس نے حریت رہنماء اور جموں وکشمیر تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں بھی گرفتار کرلیا ہے۔