راولاکوٹ کےخوبصورت تقریحی مقام پرپارک بنانےکیلئے ہوم ورک شروع

راولاکوٹ (سٹیٹ ویوز) راولاکوٹ کے خوبصورت تقریحی مقام گوردوارہ میں ضلعی انتظامیہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پارک بنانے کیلئے ہوم ورک شروع کردیا.

ڈپٹی کمشنر نے پارک کے ٹینڈر کیلئے چیئرمین پی ڈی اے کو مکتبوب لکھ دیا، راولاکوٹ کے قریب گلشن شہداء ہاوسنگ سوسائٹی منصوبے میں سے پارک کیلئے 6 کنال اراضی مختص کی جا ئے گی، پارک میں بچوں کے جھولے ،ریسٹورنٹ اور شہریوں کے بیٹھنے کیلئے انتظامات کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز نے گزشتہ دنوں چیئرمین پی ڈی اے سردار افرازخان کے ہمراہ گلشن شہداء ہاوسنگ سوسائیٹی کے مقام گردوارہ کا دورہ کیا تھا ، جبکہ گزشتہ ماہ ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کے ہمراہ اس تفریحی مقام کو دیکھنے کے بعد عوام علاقہ کو خوشخبری سنائی تھی کہ وہ اس جگہ پارک تعمیر کرنے کی کوشش کریں گے۔

چیئرمین پی ڈی اے سردار افراز خان نے محدود مدت کیلئے پارک اور ریسٹورنٹ کی رضہ مندی ظاہر کی تھی جس کے بعد اب ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز نے چیئرمین پی ڈی اے کو ایک مکتوب لکھ دیا ہے جس میں سائیٹ وزٹ کے دوران ہونے والی گفتگو کے تناظر میں پارک کی منظوری اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے نجی اداروں کے ساتھ ملکر ہوم ورک شروع کرنے کا کہا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز نے سٹیٹ ویوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ میں لاکھوں سیاح ہر سال آتے ہیں، سیاحوں کی دلچسپی اور نئے مقامات دکھانے کیلئے پارک کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں ،اس کے ساتھ گردوارہ کی تاریخی عمارت کی حالت بھی بہتر کرائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم محدود مدت کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ ملکرپارک بنائیں گے جبکہ پی ڈی اے نے جب یہاں اپنے منظور شدہ نقشے کے تحت پارک بنانا چاہا تو ہم معاہدے کے مطابق جگہ خالی کرا دیں گے۔