سانحہ قصورکےخلاف اسلام آباد کی تاجرتنظیموں کااحتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد (سٹیٹ ویوز) آل پاکستان تا جر اتحاد کے مر کزی صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ معصوم زینب کے قتل کے واقعہ نے بیس کروڑ عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیاہے اور بچیوں کے والدین رات بھر سو نہیں سکے ،معصوم زینب کا اندوہناک قتل ہر گھر کو سوگواراورہرآنکھ کو اشکبارکرگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر گھر میں ایک زینب موجود ہے، اس واقعے کے بعدوالدین بچیوں کوتعلیمی اداروں میں بھیجتے ہوئے خوفزدہ ہورہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آبپارہ مارکیٹ میں تاجروں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر آبپارہ مارکیٹ کے صدر ملک ظہیر ، کامران عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قصور میں اس لرزہ خیز واقعہ کے بعد قصور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی استعفیٰ دے دینا چاہیے کیونکہ وہ قصور کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کرسکے ۔حکمرانوں کو اپنی ناکامی اور مجرموں کے سامنے بے بسی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہو جاناچاہیے ۔ جو عوام کو جان ، مال اور عزت کا تحفظ نہ دے سکے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ، پولیس مجرموں کو پکڑ نہیں سکی مگر معصوم بچی کے لرزہ خیز قتل کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر فائرنگ کرکے تین بے گناہ انسانوں کو قتل کر دیا ۔ مظاہرین مطالبہ کیا کہ پولیس کوفائرنگ کرنے کا حکم دینے اور فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے انہیں قرار اقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو معصوم لوگوں پرگولی چلانے کی جرأت نہ ہو۔