بیرسٹرسلطان نےآزادکشمیرکےریاستی تشخص کی بحالی کوپی ٹی آئی کی تنظیم سازی سےجوڑدیا

راولاکوٹ (سٹیٹ ویوز) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک آزاد کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج پر ہمیں پورا یقین ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لئے اتنے ہی مخلص اور سنجیدہ ہیں جتنے کہ کشمیری خود ہیں لیکن جب پاکستان کی حکمران جماعت کا لیڈر مودی اور جندال کے ساتھ ملکر سازشیں کررہا ہو تو ان حالات میں ہم کشمیریوں کو خود تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کے لئے آگے بڑھنا ہو گا۔ اسی لئے میں نے اس سال دونوں اطراف کشمیر سے سیئز فائر لائن توڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے راولاکوٹ میں پی ٹی آئی کشمیر کے کارکنوں اور ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پی ٹی آئی کشمیر کو منظم کریں۔ تب ہی آزاد کشمیر کا ریاستی تشخص بحال کراسکتے ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، پی ٹی آئی کشمیر امریکہ کے صدر سردار عرفان تصدق کمال، سردار تسلیم، طاہر شاہین، سردار افتخار، سعود ایڈووکیٹ، سردار نثار اور دیگر بھی موجود تھے۔