قومی مقابلہ حُسن خطاطی کی تاریخ‌کا اعلان

اسلام آباد (سٹیٹ ویوز) عام پاکستانیوں بالخصوص طالب علموں کو عظیم اسلامی فن کی طرف راغب کرنے کے لئے قومی مقابلہ حُسن خطاطی آئندہ ماہ کے آخری ہفتے میں اسلام آباد میں ہوگا ۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان ،فاٹا اور آزادکشمیر سے 35سال کی عمر تک کے عام افرادمقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں۔ نوجوان خطاطوں کی حوصلہ افزائی کے لئے منتخب فن پاروں کی نمائش بھی کی جائے گی۔جو23سے 28فروری تک مقامی ہوٹل میں منعقد ہو گی۔

مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے بتایا کہ نوجوان خطاطوں کے لئے اپنی نوعیت کا پہلا قومی مقابلہ حُسن خطاطی عظیم اسلامی ورثہ کے فروغ کی کاوش ہے۔یہ مقابلہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے کلام کی کتابت کا منفرد اعزازپانے والے برصغیر کے ممتاز خطاط عبدالمجید پرویں رقم کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کیاجارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نستعلیق، ثُلث اور جدید مصورانہ خطاطی کے تین درجے بنائے گئے ہیں جن میں غیرمعمولی فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان خطاطوں میں کل پندرہ ایوارڈتقسیم کئے جائیں گے۔ مشیر وزیراعظم نے بتایا کہ ہر رسم الخط کے لئے اول انعام پچھتر ہزار، دوم انعام پچاس ہزار، سوم انعام چالیس ہزار دیاجائے گا۔

ہر رسم الخط کے لئے حوصلہ افزائی کا اول انعام بیس ہزار اور دوم انعام پندرہ ہزار مقرر کیاگیا ہے۔ عرفان صدیقی نے بتایا کہ مقابلہ میں فن پاروں کا انتخاب سینئر خطاط حضرات پر مشتمل جیوری کرے گی۔ مقابلہ کے دوران خطاطوں کی تربیت کا بھی اہتمام کیاگیا ہے تاکہ نوجوانوں کا شوق مزید پروان چڑھے اور نئے باصلاحیت خطاطوں کی تعداد میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہاکہ یہ بھی اہتمام کیاگیا ہے کہ نوجوان خطاطوں کے فن پارے عوام بھی دیکھیں۔ اس مقصد کے لئے نمائش منعقد کی جارہی ہے جو پورے ہفتے جاری رہے گی۔ مقابلہ میں حصہ لینے کے خواہش مند معلومات کے لئے فون نمبر03336911711پر رابطہ کیاجاسکتا ہے۔