پتنگ باز کائٹ فلائنگ کلب کی جانب سے بسنت فیسٹیول کا اہتمام

ریاض (راجہ عابد عزیز ) سعودی عرب کے شہر الریاض میں پتنگ باز کائٹ فلائنگ کلب کی جانب سے ۱۷واں سالانہ بسنت میلے کا اہتمام کیا گیا جس میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی فیمیلیز جس میں مرد، عورتیں، بزرگ اور نوجوانوں کے علاوہ سعودی شہریوں نے بھی پتنگیں اڑائیں اور خوب انجوائے کیا، کچھ نے بوکاٹا کیا اور کچھ ناکام ہوئے، فیسٹیول کے شرکاء کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی زندگی کو زندہ دلی سے گزارتے ہیں اور ہم سعودی حکومت کے بے حد مشکور ہیں کہ جنہوں نے دیار غیر میں موجود پاکستانیوں کو بسنت منانے کی اجازت دی۔

کلب کے صدر جناب ادیب صاحب نے بتایا کہ بسنت فیسٹیول ہماری ثقافت کا حصہ ہے اور ہمارا کلب پچھلے سترہ سالوں سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لئے جشن بہاراں/بسنت میلوں کا اہتمام کرتا آ رہا ہے جس میں ہر سال لوگ اپنے دوستوں، عزیزوں اور فیملی کے ساتھ دوسرے شہروں سے بھی خصوصی طور پر شرکت کے لئے آتے ہیں۔ ہم حکومت پنجاب سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ بھی سعودی عرب کی طرح پنجاب میں تمام حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے بسنت کی اجازت دی جائے تاکہ اس قیمتی ثقافت کو اجاگر رکھا جا سکے۔

فیسٹیول کے دیگر منتظمین جن میں چیئرمین پتنگ باز کلب شاھد مغل، جنرل سیکرٹری شفیق منا، سیکنڈ سیکرٹری محمد زوہیب، الیاس بٹ، فاروق بٹ، ڈاکٹر رانا نعیم، مٹھو، شعیب، فاھد، وقاص، ناصر، احمد، مرزا، وقار، ارسلان، احسان، خالد، فضل، فواز، عمران، شہزاد، منصور، یاسر ملک اور پولا سنیارا نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے اس ثقافت کو زندہ رکھا جائے اور یہ ایک بہترین تفریح ہے۔صبح سے لے کر رات تک چلنے والے فیسٹیول میں منچلے نوجوانوں نے میوزک پر بھنگڑے بھی ڈالے اور اس میں پاکستانی کھانوں کے مختلف سٹال بھی لگائے گئے اور باربی کیو کا انتظام بھی کیا گیا جسے لوگوں نے بہت سراہا۔