آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے برفباری جاری، زمینی رابطہ منقطع

مظفر آباد (سٹیٹ ویوز) آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، وادی لیپہ فاروڈ کہوٹہ اور نیلم کا سمیت برف باری سے اکثر علاقوں کا منقطع ہونے والا زمینی رابطہ بحال نہ ہوسکا۔ انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو رات کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق، مظفر آباد کے نواحی علاقوں سمیت راولاکوٹ، باغ، لس ڈنہ، سدھن گلی فاروڈ کہوٹہ، دھیرکوٹ اور وادی لیپہ اور نیلم کے علاقے شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں۔ شدید برف باری سے مظفرآباد باغ، سدھن گلی فاوڈ کہوٹہ جانے والی سڑک سمیت درجنوں رابطہ سڑکوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں سے ٹریفک معطل ہے جبکہ شاہراہ نیلم اور وادی لیپہ جانے والی سڑک بھی ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم ٹھنڈا، بالائی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔

انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو رات کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔دوسری جانب کوئٹہ سمیت بیشتر صوبے کے علاقوں میں برفباری اور بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، قلات میں کم ازکم درجہ حرارت منفی 3، کوئٹہ میں منفی ایک، بارکھان اور دالبندین میں 4، نوکنڈی میں 7، پنجگور میں 8، سبی میں 3 اور ژوب میں ایک درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تین روز کی بارش اور برفباری کے بعد صوبے کے اکثر علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا۔