عمران کا عدالت میں اعتراف جرم ۔۔۔۔۔!

لاہور (نیوز ڈیسک ) قصورکی کمسن بچی زینب قتل کیس میں ملوث ملزم نے عدالت کے روبرو اعتراف جرم کرلیا۔ کوٹ لکھپت جیل میں قائم خصوصی عدالت میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سجاد احمد نے زینب قتل کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ زینب سمیت 9 بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے میں ملوث ہے۔

عدالت نے ملزم کے اعترافی بیان کے باوجود ٹرائل جاری رکھنے کا حکم دیا کہ اس کیس کا فیصلہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ زینب قتل کیس میں مجموعی طور پر 56 گواہان شامل کئے گئئے تھے۔ آج عدالت کے روبرو16 گواہان کے بیانات قلمبند کئے گئے اور گواہان کے بیانات پر ملزم کے وکیل کی جانب سے جرح بھی کی جارہی ہے۔

زینب قتل کیس میں استغاثہ کی جانب سے بیس گواہان ترک کردئیے گئے۔ آئندہ دو سے تین روز میں زینب قتل کیس کے فیصلے کا امکان ہے۔ سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جارہی ہے۔