پی ایس ایل 3:کیا اسلام آبادکی ٹیم یونائیٹڈہے؟

رپورٹ:وسیم عباس
پاکستان کرکٹ کی دنیا میں ایک شاندار اضافہ پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کی آمد سے قبل ہی شائقین کرکٹ کافی پرجوش دکھائی دیتے ہیں اس حوالے سے ڈیجیٹیل میڈیا سٹیٹ ویوز نے پی ایس ایل کے دیوانوں کو پاکستان سپرلیگ سے جڑی ہراپڈیٹ پہنچانے کا بیڑااٹھالیا ہے ۔”سٹیٹ ویوز”کےاس سلسلے میں پاکستان سپرلیگ میں شامل ہرٹیم کے سکواڈ،کوچز،گزشتہ کارکردگی اور ہرمیچ سے قبل اوربعد کے محرکات کا جائز ہ لیا جائے گا۔

اس سلسلے کی شروعات جس ٹیم سے کی جارہی ہے وہ اسلام آبادیونائیٹڈہے جس نے پاکستان سپرلیگ کے پہلے سیزن میں فتح کے جھنڈے گاڑے تھےگوکہ اس ٹیم کی پہلی سیزن میں فتح میں اہم کرداراداکرنیوالے کہیں کھلاڑیوںکا ساتھ اس سیزن اسے میسرنہیں ہوگا جس میں فکسنگ سکینڈل میں سزایافتہ شرجیل خان ،خالد لطیف،جبکہ آسٹریلین آل راؤنڈرشین واٹسن،بریڈہیڈن شامل ہیں ان کھلاڑیوں نے اسلام آبادیونائیٹڈکی پہلی سیزن میں فتح میں کلیدی کرداراداکیاتھا۔

اب بات کرتے ہیں اس ٹیم کی حالیہ طاقت کی پی ایس ایل ڈرافٹ کے بعد اسلام آبادیونائیٹڈکی ٹیم کافی متوازن نظرآرہی ہے ۔ڈرافٹ سے قبل ہی فرنچائز نے 8کھلاڑیوں کوبرقراررکھنے کا فیصلہ کیا جس میں کپتان مصباح الحق،ابھرتے ہوئے سپراسٹاراسپنرشاداب خان،کیریبئن آل راؤنڈرآندرے رسل جو ڈوپنگ چارجز کے باعث گزشتہ سیزن نہیں کھیل پائے ،سیمیول بدری،رومان رئیس ،محمد سمیع،افتخاراحمد،امادبٹ اورآصف علی شامل ہیں۔

اس سال ٹیم میں سب سے بڑی شمولیت جنوبی افریقی آل راؤنڈرجین پال ڈومنی کوقراردیاجارہا ہے جو اپنی جارحانہ بیٹنگ اورشاندارفیلڈنگ سے میچ کاپانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہیں اسلام آبادیونائیٹڈ نے پلاٹینیم ڈرافٹ میں منتخب کیا اس کے بعد فہیم اشرف کو اس ٹیم میں ایک خوشگواراضافہ قراردیاجارہا ہے جو اپنی طوفانی بیٹنگ اورسیم بولنگ کی وجہ سے اپنا لوہا منواچکے ہیں ۔بریڈہیڈن کی جگہ کیوی کرکٹر لیوک رونچی جیسے مستند بلے باز اوراچھی ٹیکنیک کے حامل وکٹ کیپرکی شمولیت اسلام آبادیونائیٹڈکیلئے کافی سودمندثابت ہوگی۔اس کے علاوہ سمیت پٹیل اوراسٹیو فن جنہیں گزشتہ روزہی اسیلاگونارتنے اورڈیوڈ ویلی کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا اپنے کاؤنٹی کرکٹ کے تجربہ کے باعث کسی بھی ٹیم کیلئے بڑاخطرہ بن سکتے ہیں۔

ٹیم میں کہیں قابل ذکر نوجوان کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی ہیں جن میں صاحبزادہ فرحان،سیم بلنگز،محمدحسن اورمحمدحسنین کے نام شامل ہیں۔ٹیم کی بیٹنگ صلاحیتوں کی بات کی جائے تو صاحبزادہ فرحان،لیوک رونچی،جے پی ڈومنی ٹیم کوتیزرفتارآٖغازفراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں درمیان میں مصباح الحق کا تجربہ کسی بھی بولنگ لائن کوچیلنج کرنے کیلئے کافی ہے ،آخری اوورزمیں رن ریٹ کوبڑھانے کیلئے آندرے رسل اورفہیم اشرف سے اچھا جارحانہ انتخات کوئی ہوہی نہیں سکتاتو ہم کہہ سکتے ہیں کہ اسلام آبادکی بیٹنگ لائن اپ تمام میچز میں بڑااسکورکرنے کی صلاحیت رکھتی ہے.

بات اگر بولنگ کی جائے تو اسٹیوفن،محمدسمیع اوررومان رئیس جیسے پیسرکسی بھی بیٹنگ لائن اپ کوتباہ کرسکتے ہیں ساتھ ہی ٹیم کوسیمیول بدری اورشاداب خان جیسے منجھے سے اسپنرزکاساتھ بھی حاصل ہیں تو آن پیپراسلام آبادیونائیٹڈکی ٹیم تمام ڈیپارٹمنٹس میں مستحکم دکھائی دیتی ہے ٹیم مینجمنٹ کی بات کی جائے تو وسیم اکرم کے اسلام آبادکوخیربادکہنے کے بعد ٹیم کودھچکا ضرورلگا تھا لیکن ان کا خلا وقاریونس نے بخوبی پرکردیاہے ہیڈکوچ کی خدمات اس باربھی ڈیئن جونز انجام دینگے ساتھ ہی سعیداجمل ٹیم مینجمنٹ کااہم حصہ ہونگے۔

پاکستان سپرلیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم اپنا پہلا معرکہ پشاور زلمی کیخلاف لڑے گی اسلام آباد کے شائقین اس بار بھی اپنی ٹیم کے ٹرافی اٹھانے کیلئے پر عزم ہیں۔