قومی اسمبلی میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی لانے کیلئے بڑا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)قومی اسمبلی میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کی قرار دادیں پیش کردی گئیں،جنہیں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد یعقوب اور رکن اسمبلی عائشہ سعید نے قراردادیں پیش کیں کہ حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے۔صاحبزادہ یعقوب نے کہا کہ پٹرولیم قیمتیں عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مطابق کی جائیں،عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں انتہائی کم ہیں جبکہ پاکستان میں ان سے دگنی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ شہر میں دیہی علاقہ جات میں ابھی تک گلیاں،سڑکیں اور دیگر سہولیات کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو زندگی میں تو کچھ نہیں دیا جارہا اور اب شہر میں قبرستانوں کی قلت بھی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف9 قبرستان روز بروز بڑھتا جارہا ہے،ایک اور قبرستان کے لئے اسلام آباد میں جگہ مختص ہونی چاہئے جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ قومی اسمبلی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ترمیمی) بل 2017ء اور فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دیدی۔

منگل کو قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ حمید نے تحریک پیش کی کہ پبلک سروس کمیشن (ترمیمی) بل 2017ء فی الفور زیر غور لایا جائے۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بل کی تمام شقوں کی یکے بعد دیگرے منظوری حاصل کی۔ ڈاکٹر فوزیہ حمید نے تحریک پیش کی کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ترمیمی) بل 2017ء منظور کیا جائے۔

قومی اسمبلی نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دیدی۔اجلاس کے دور ان فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دی گئی ۔ رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے تحریک پیش کی کہ فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2017ء زیر غور لایا جائے۔ تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر نے یکے بعد دیگرے بل کی تمام شقوں کی منظوری حاصل کی۔