عامر لیاقت کی میڈیا پر واپسی، کون سا چینل جوائن کرلیا ۔۔؟

کراچی (نیوز ڈیسک ) تحریک انصاف کے رہنما اور معروف اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے شعیب شیخ پر انتہائی سنگین ترین الزامات لگانے اور سوشل میڈیا پر اعلانِ جنگ کرنے کے بعد ایک بار پھر بول ٹی وی جوائن کرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت حسین تحریک انصاف میں شمولیت سے پہلے چینل 24 پر پروگرام کر رہے تھے تاہم جس دن انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اسی روز انہوں نے 24 نیوز کو خیر باد کہہ دیا۔

عامر لیاقت کی پہلے ایکسپریس نیوز کے ساتھ ڈیلنگ چلتی رہی تاہم مالکان کی جانب سے سیاسی رہنما کو اینکر بنانے سے انکار کردیا گیا جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر ’ جعلساز‘ شعیب شیخ کو گلے لگالیا ہے۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے گزشتہ دنوں شب معراج پر بول نیوز پر خصوصی ٹرانسمیشن کی جس کے بعد اب وہ اپنا پرانا پروگرام ” ایسے نہیں چلے گا“ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور بول ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کی جانے والی تمام ٹویٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس ڈیلیٹ کردی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بول ٹی وی کو خیرباد کہا تھا۔ عامر لیاقت حسین نے الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے جتنے بھی لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں وہ اپنی مرضی سے نہیں بلکہ کسی کے کہنے پر اچھالی گئی تھیں۔

عامر لیاقت حسین نے فحش فلموں کے کاروبار، جنرل (ر) رضوان اختر سے پیسے لینے سمیت بول ٹی وی پر انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔