’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل میں نئی اداکاراؤں کی انٹری

ممبئی (نیوزڈیسک)فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل میں ٹائیگر شروف کے مدمقابل نئی اداکارائیں جلوہ گر ہوں گی۔

2012 میں دھرما پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے ورون دھون، سدھارت ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

فلم نے باکس آفس پر خوب کامیابی سمیٹی تھی اور نئے اداکاروں کی جوڑی کو بھی بے حد پسند کیا گیا تھا۔

فلم کی کامیابی کے بعد کرن جوہر نے سیکوئل بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے مرکزی کردار کے لیے قرعہ فال ٹائیگر شروف کے نام نکلا تھا تاہم اداکاراؤں کے نام سامنے نہیں آئے تھے۔


کرن جوہر نے اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم کی مرکزی کاسٹ اور نمائش کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔


فلم میں ٹائیگر شروف کے مدمقابل بالی وڈ اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی انانیا پانڈے اور تارا ستاریا ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گی۔


فلم کی ہدایت کاری کے فرائض پنت ملہوترا سر انجام دیں گے جب کہ فلم کی نمائش رواں سال 23 نومبر کی جائے گی۔