وزیراعظم اورآرمی چیف 24 ملکی مشترکہ فوجی مشق کی اختتامی تقریب میں شریک

ریاض(نیوزڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی عرب میں جاری 24 ملکی مشترکہ فوج مشق کی اختتامی تقریب میں شرکت کی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب میں 24 ملکی مشترکہ فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیرِدفاع خرم دستگیر اور سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر حشام بن صدیق بھی تھے۔ تقریب میں اسلامی عسکری اتحاد کی افواج کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف اور وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ نشست پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد بھی موجود تھیں۔

سعودی عرب میں ایک ماہ تک جاری رہنے والی مشقوں کو گلف شیلڈ ون کا نام دیا گیا، ان مشقوں کو مختلف ممالک کی افواج ،ہتھیاروں کے نظام اور پیشہ ورانہ مہم جوئی کے حوالے سے خطے میں سب سے بڑی فوجی مشق سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز، پاک فضائیہ کے سی ون 30 اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے مشقوں کا حصہ رہے۔ مشقوں کا مقصد خطے کے ممالک کے مابین فوجی اور سیکیورٹی تعاون کو مستحکم اور روابط کا فروغ تھا۔