بیرون ملک سفر کی اجازت کیلئے سلمان خان کا عدالت سے رجوع

جودھ پور(نیوز ڈیسک )بولی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنی فلمز کی شوٹنگ کے سلسلے میں بیرون ملک سفر کی اجازت حاصل کرنے کے لیے جودھپور عدالت رجوع کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق اداکار سلمان خان نے جودھپور کی عدالت میں درخواست جمع کی ہے جس میں انہوں نے استدا کی کہ اپنی فلموں کی شوٹنگ کے سلسلے میں انہیں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔

خبر میں مزید بتایا گیا کہ سلمان خان کو اپنی فلموں ’بھارت‘ اور ’ریس 3‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں 3 سے 4 ممالک کا دورہ کرنا ہوگا۔جودھپور عدالت سلمان خان کی درخواست پر اپنا فیصلہ آج شام 4:30 بجے سنائی گی۔

خیال رہے کہ جودھپور کی عدالت نے سلمان خان کو نایاب ہرن کے شکار کیس کے فیصلے میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
تاہم دو روز بعد جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سلمان خان کی نایاب سیاہ ہرن کے شکار کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج رویندرا کمار نے ان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اداکار کو 25، 25 ہزار روپے کے 2 مچلکے عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ نایاب کالے ہرن کیس کے غیر قانونی شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کے علاوہ سیف علی خان، تبو، سونالی باندرے اور نیلم کے نام بھی شامل تھے۔

سلمان خان پر دو نایاب ہرن کے شکار کا الزام تھا، جبکہ عدالت نے باقی اداکاروں کو اس کیس سے بری کردیا تھا۔خیال رہے کہ سلمان خان پر نایاب نسل کے کالے ہرن کا شکار کرنے کا کیس ’انڈین وائلڈ لائف ایکٹ کے سکیشن 1‘ کے تحت درج کیا گیا تھا۔

اداکار پرالزام تھا کہ 1998 میں انہوں نے راجستھان میں فلم ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کے دوران نایاب کالے ہرن کا شکار کیا جہاں جانوروں کا شکار کرنا غیر قانونی تھا۔

اداکار پر مزید الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے یہ شکار اپنے غیر قانونی اسلحہ سے کیا تھا۔یہ سیشن نایاب نسل کے تمام جانوروں سمیت کالے نسل کے ہرن کے تحفظ سے متعلق ہے۔