امریکہ کیلئے نامزد سفیرعلی جہانگیرصدیقی دوبارہ نیب طلب

لاہور(سٹیٹ ویوز) قومی احتساب بیورو نے امریکا کے لیے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کو کل نیب آفس دوبارہ طلب کرلیا ہے، انھوں نے نیب کی جانب سے سوال نامے کا جواب تاحال جمع نہیں کرایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے علی جہانگیر صدیقی کو پہلے بھی کرپشن کے الزامات میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا جس پر وہ بائیس مارچ کو نیب آفس میں پیش ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئی تھیں اور اس سلسلے میں انھیں دو صفحات پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مشیر وزیر اعظم علی جہانگیر صدیقی نے ابھی تک سوال نامے کا جواب جمع نہیں کرایا ہے، جس پر انھیں صبح دس بجے نیب کمپلیکس میں دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے۔یاد رہے کہ علی جہانگیر صدیقی پر چالیس ارب روپے کرپشن کا الزام ہے،

ذرائع کے مطابق ان کی کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں کرپشن میں ملوث پائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر انسائڈر ٹریڈنگ کا بھی الزام ہے۔واضح رہے کہ علی جہانگیر صدیقی پر اپنی کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت میں بے ضابطگی کا الزام ہے اور ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور انسائڈر ٹریڈنگ کے سلسلے میں انکوائری ہورہی ہے۔