گلگت بلتستان کی قدرتی خوبصورتی کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہیں، چیف سیکرٹری

گلگت(سٹیٹ ویوز) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے محکمہ سیاحت اور انتظامیہ کے آفیسران کوہدایت کی ہے کہ دنیا کے آٹھواں عجوبہ اور دنیا کی بلند ترین شاہراہ پر منعقد کی جانیوالی سائیکل ریلی خنجراب ڈی ٹور کو کامیاب بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ انھوں نے کہا کہ خیر سگالی، اخوت اور محبت کے جو مناظر گلگت بلتستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ اور گلگت بلتستان والی بال لیگ کے دوران دیکھنے کو ملے وہ انتہائی متاثر کن ہیں ۔وہ گلگت بلتستان سپر لیگ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے بعد ان سے گفتگو کر رہےتھے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت پر عزم ہے کہ گلگت بلتستان کی قدرتی خوبصورتی کو ہر سطح پر اجاگر کیا جائے اور انھوں نے اس سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں پہ محکمہ سیاحت اور سیکرٹری سیاحت وقار علی خان کی کارکردگی کو سراہا کہ انھوں نے سرفرنگہ کار ریلی سے لے کر گلگت بلتستان والی بال لیگ تک جس طرح محنت سے کام کیا ہے اس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ۔ انھوں نے کہا کہ سرفرنگہ اور دیگر جو صحت مندانہ سرگرمیاں منعقد کی گئی ہیں ان سے سبق سیکھنا ہوگا۔ انھوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا کہ کھیلوں کو جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس سے گلگت بلتستان میں موجود ٹیلنٹ نکھر کر سامنے آیا ۔

انہوں نے کہا کہ دیامر اور بلتستان میں بھی کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کے بہترین استعمال کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انھوں نے کمشنر گلگت اور ضلعی انتظامیہ گلگت کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں انھوں نے گلگت بلتستان سپر لیگ کے انعقاد میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران میں شیلڈ تقسیم کئے۔

انھوں نے کہا کہ کسی بھی سرگرمی کے انعقاد کےبعد تقابلی جائزہ لینے کیلئے آپس میں گفت و شنید سیکھنے کا بہترین ذریعہ ہے اور اس روایت کو فروغ دے کر کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ھے۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ کہ کھیل دیر پا امن قائم کرنے کا ضامن ہے اس لئے کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائے۔