بغداد جیسا دارلحکمت اسلام آباد میں بھی قائم کریں گے، ینگ ویمن رائٹرز فورم

رپورٹ : عروج احمد (میڈیا ہیڈ، ینگ ویمن رائٹرز فورم)
ترتیب و تدوین : رابعہ بصری
اسلام آباد چیپٹر کے زیرِ اہتمام پیٹر بیری کی’’ بگننگ تھری‘‘ کا اردو ترجمہ بنیادی تنقیدی تصورات (مترجم: الیاس بابر اعوان) کی تقریبِ رونمائی ادارہ فروغِ قومی زبان (مقتدرہ قومی زبان) اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز اللہ پاک کے بابرکت نام سے ہوا ۔ تلاوتِ کلامِ پاک اور ہدیہُ نعت پیش کرنے کی سعادت ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی رکن آبرؤ نبیلہ اقبال نے حاصل کی ۔

پروگرام کی صدارت پروفیسر فتح محمد ملک نے کی ۔ مہمانانِ خصوصی میں محمد حمید شاہد، ڈاکٹر محمد سفیر اعوان جبکہ مہمانانِ اعزاز میں ڈاکٹر عزیز ابن الحسن (صدر شعبہُ اردو، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی) ڈاکٹر فرحت جبین ورک (صدر، شعبہ اردو فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی)، ڈاکٹر محمد شیراز دستی (صدر شعبہُ انگریزی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی)، فرخ ندیم (لیکچرر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی)، عابدہ تقی (شاعرہ ،افسانہ نگار) نے شرکت کی ۔تقریب میں سینئر ادیبوں کی طرف سے الیاس بابر اعوان کی اس کاوش کو سراہا گیا ۔


تقریب میں مقررین نے کتاب کے علمی و فنی پہلوؤں پر بھی اظہارِ خیال کیا ۔ پروگرام میں ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی رکن نوشین قمر نے بھی کتاب پر اپنا تبصرہ و تجزیہ پیش کیا ۔شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے تقریب کے صدر فتح محمد ملک نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ حاضرین نے بہت دلچسپی سے اس تمام گفتگو کو سنا اور سراہا اور یہ کہ ان کی خواہش ہے کہ جیسے ایک زمانے میں بغداد میں ایک دارالحکمت قائم تھا ویسا ہی ایک دارالحکمت یہاں اسلام آباد میں بھی بنایا جائے اور ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی اس تقریب میں شرکت کر کے مجھے یہ یقین ہو چلا ہے کہ ایسا کرنا ناممکن نہیں ہے ۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی کوفاؤنڈر رابعہ بصری نے تمام گراں قدر مہمانان اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں اور فورم کے مقابلوں میں سرفہرست آنے والے ممبران کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا ۔تقریب کے آخر میں ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی نئی صدر اور کابینہ نے رابعہ بصری کو ایک سال عمدگی سے بحیثیت صدر اپنا ٹینیور مکمل کرنے پر اعزازی شیلڈ سے نوازا اور فورم کی ترقی کو ان کی اَن تھک کوششوں کا ثمر قرار دیا ۔