وفاقی کابینہ نے فاٹااصلاحات بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی

اسلا م آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلا س میںفاٹا اصلاحات بل کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے اور اسلا م آباد میں میڈیکل سٹی کے قیام جبکہ روس، برازیل، آسٹریلیا اور سری لنکا کے ساتھ مختلف معاہدوںو سمجھوتوں پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں پاکستان اور روس کی حکومتوں کے درمیان سابق یو ایس ایس آر کے ساتھ باہمی مالیاتی کلیمز اور واجبات کا معاملہ طے کرنے کے لئے معاہدہ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں ہتھیاروںاور گولہ بارود کی تجارتی بنیادوں پر درآمد کی پالیسی میں ترمیم، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو وزیر اعظم آفس کے تحت رکھنے، اسلام آباد میں میڈیکل سٹی قائم کرنے، اسلام آباد کے زون فور کے ذیلی زون سی میں سی ڈی اے کے ماسٹر پلان میں ترمیم کے علاوہ پاکستان اور برازیل کے درمیان تکنیکی تعاون کے معاہدہ پر دستخط کرنے اور نیوٹک اور سری لنکا کے ٹیرٹری اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کمیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔