4

نواز شریف نیب میں طلب

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)اسلام آباد کی ایک عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ایک ریفرنس پر سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو 19 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بیرون ملک قائم کی گئیں 16 کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ ریفرنس میں بدھ کو سابق وزیرِ اعظم کے سمن جاری کیے۔احتساب عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں حسن اور حسین نواز کو بھی 19 ستمبر کو طلب کیا ہے۔

ریفرنس کے مطابق سابق وزیراعظم کے علاوہ ان کے بچے حسن نواز، حسین نواز اور مریم صفدر بھی مذکورہ کمپنیوں میں اسٹیک ہولڈر ہیں جنہیں ریفرنس میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

نیب پراسیکیوشن ونگ کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر ریفرنسز میں نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم صفدر، کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

نیب نے یہ ریفرنسز گزشتہ ہفتے جمع کرائے تھے جو گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار نے اعتراضات لگا کر واپس کردیے تھے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے خلاف تین ریفرنسز میں نیب کی دفعہ 9 اے لگائی گئی ہے۔ یہ دفعہ غیر قانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب راولپنڈی نے ریفرنسز میں دفعہ 9 اے کی تمام 14 ذیلی دفعات کو شامل کیا ہے جس کی سزا 14 سال قید مقرر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں