مظفرآباد/میرپور(سٹیٹ ویوز)پبلک سروس کمیشن کے اسسٹنٹ کمشنر اور سیکشن آفیسر کے امتحانات کے ساتھ ساتھ اے ایس پی اور اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے امتحانات لیے جائیں، امیدواران کا وزیراعظم، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سروسز اور چیئرمین پی ایس سے مطالبہ۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ سے اسسٹنٹ کمشنر انلینڈ ریونیو اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے امتحانات دیگر آسامیوں پر ایک ساتھ لینے کیلئے حکم جاری کرنے کی اپیل۔
امیدواران کا کہنا ہے کہ گزشتہ نصف دہائی سے وہ امتحانات دینے کیلئے تیاری کررہے ہیں، پی ایس سی کی جانب سے جاری شدہ ترمیمی شیڈول میں اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس کی آسامیوں کو شامل نہ کرنے بارے عدالت سے جاری حکم امتناعی کا حوالہ دیا گیا تھا تاہم ابھی تک یہ معاملہ حل نہ ہوا اور پی ایس سی صرف اسسٹنٹ کمشنر اور سیکشن آفیسر کا امتحان لینے جارہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے ۔
قرین انصاف ہوگا کہ جملہ مقابلہ کے امتحان کو حسب روایت و حسب قانون ایک ساتھ لیا جائے۔ صرف دو آسامیوں پر امتحان لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ امیدواران نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ جس طرح انہوں نے میرٹ کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے اسی طرح پی ایس سی کو بھی پابند کریں کہ وہ تحت ضابطہ ان آسامیوں پر ایک ساتھ امتحانات لیں۔
انہوں نے عدالت العالیہ کے چیف جسٹس سے بھی اپیل کی کہ وہ چاروں آسامیوں پر ایک ساتھ امتحانات لینے کا حکم جاری کریں اور اگر حکم امتناعی کیوجہ سے وہ آسامیاں شامل نہیں ہیں تو انہیں شامل کرنے کئے شیڈول میں مزید ترمیم کی جائے.