اسلام آباد( سٹیٹ ویوز)صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات، 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منانے اور احتجاجی ریلیوں کے انعقاد کیساتھ بھارت کا مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے اور اہلیان کشمیر کی آزادی کیلئے جاندار آواز اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پاکستان ، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ، کشمیری اوورسیز کمیونٹی بھرپور احتجاج کرے گی.
جس کا مقصد دنیا پر یہ واضح کرنا مقصود ہے کہ کشمیری کسی بھی صورت بھارت کے ان ظالمانہ اور غیر آئینی اقدامات کو تسلیم نہیں کرتے ۔5 اگست کا دن مقبوضہ کشمیر کی تاریخ میں کشمیریوں کے استحصال کا ایک اور سیاہ باب ہے ۔5اگست2019کو بھارت نے ناجائز اور غیر آئینی اقدام کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی جو مظلوم و محصور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا واضح استحصال ہے۔اس موقع پر سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیر نے پاکستان کا حصہ بننا ہے، قائداعظم نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی.
کشمیر میں ہونے والی مزاحمت سے بھارت خوفزدہ ہے، نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا بلکہ اکھنڈ بھارت کا خواب بھی چکنا چور ہو گا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے شہدا سبز ہلالی پرچم میں لپٹ کر دفن ہوتے ہیں۔،بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے خلاف آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری سراپا احتجاج ہیں ، دونوں اطراف کے کشمیریوں نے بھارت کے ان اقدامات کو بری طرح مسترد کیا ہے ۔بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا مرتکب قرار پایا ہے،اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور او آئی سی کو بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کہی سالوں سے مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے جیل میں تبدیل کر رکھا ہے .
کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے ، ہماری ماؤں بہنوں کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں ، نوجوانوں پر ظلم و تشدد کیا جا رہا ہے ،بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کی رائے اور جذبہ کمزور نہیں کر سکا ،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، پاکستان دنیا بھر میں کشمیروں کا مقدمہ لڑ رہا ہے ، پاکستان کئی دہائیوں سے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دے رہا ہے ، اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ کشمیر کی قراردادوں پر عملدرآمد کروایا جائے اور کشمیروں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے ،کشمیریوں کو حق دیا جائے کہ وہ کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں؟اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں آزادکشمیر کی عوام اور پاکستان ان کی جدوجہد کی آزادی میں انکے ساتھ ہے ، آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا ۔ملاقات کے موقع پر سردار عمر تنویر خان سمیت دیگر بھی موجود تھے.