سردار تنویر الیاس خان کے خلاف منظم انداز میں میڈیا ٹرائل کے ذریعے کردار کشی کی جا رہی ہے.سردار افتخار رشید سابق مشیر وزیراعظم آزادکشمیر

120

اسلام آباد( سٹیٹ ویوز) سردار افتخار رشید سابق مشیر وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے خلاف منظم انداز میں میڈیا ٹرائل کے ذریعے کردار کشی کی جا رہی ہے۔ ہمارے سیاسی مخالفین اس منفی مہم کے ذریعے اپنا قد کاٹھ بڑھانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، مگر وہ یہ حقیقت فراموش کر رہے ہیں کہ سردار تنویر الیاس خان نے جو مقام حاصل کیا ہے وہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی، اپنی محنت، خداداد صلاحیتوں اور عوامی خدمت کا نتیجہ ہے، جسے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈوں سے کم نہیں کیا جا سکتا۔

سردار تنویر الیاس خان نے پہلے بزنس کے میدان میں ایک مضبوط اور قابلِ فخر ایمپائر قائم کر کے اپنے خاندان اور ریاست کا نام روشن کیا، اور پھر سیاست میں قدم رکھ کر پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کی کابینہ سے لے کر آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ تک کا سفر طے کیا۔ یہ سفر ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور جراتِ مندقیادت کا واضح ثبوت ہے۔بدقسمتی سے آج وہی شخصیت اپنے ہی گھر کے بعض عناصر کی ناسمجھی اور سیاسی مخالفین کی سازشوں کا نشانہ بن رہی ہے۔ خاندانی یا سیاسی اختلافات سیاست میں کوئی نئی بات نہیں.

مگر اختلافات کو تھانوں، کچہریوں اور ایف آئی آرز تک لے جانا آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ایک افسوسناک اور بے مثال عمل ہے۔آزاد کشمیر کی سیاست میں ماضی میں بھی بڑے رہنماؤں کے درمیان اختلافات رہے، مگر شائستگی اور حدود کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا گیا۔ مثال کے طور پر سابق صدر و وزیراعظم سردار سکندر حیات کے خاندان میں سیاسی اختلافات رہے، مگر ایسی نوبت کبھی نہیں آئی۔ اسی طرح عظیم رہنما سردار عبدالقیوم خان اور ان کے بھائی خان عبدالغفار خان کے درمیان اختلافات کے باوجود سیاسی اقدار اور روایات کو پامال نہیں کیا گیا۔

آج سردار تنویر الیاس خان کے خلاف ستائیس سے زائد بے بنیاد مقدمات قائم کیے جا چکے ہیں، حتیٰ کہ ایک جھوٹے پاسپورٹ کیس میں انہیں گرفتار کر کے اڈیالہ جیل تک پہنچایا گیا۔ اس تمام تر دباؤ، سازشوں اور انتقامی کارروائیوں کے باوجود انہوں نے ہمیشہ صبر، تحمل اور شرافت کا دامن تھامے رکھا اور کبھی عوامی سطح پر شکوہ شکایت نہیں کی۔مگر اب یہ سمجھ لیا جانا چاہیے کہ صبر کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ سردار تنویر الیاس خان کی شرافت کو کمزوری سمجھنے والوں کو ہر سطح پر مؤثر اور قانونی جواب دیا جائے گا۔ اب ان تمام عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا جو منظم منصوبہ بندی کے تحت ان کی سیاست، کاروبار اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سردار تنویر الیاس خان آج کسی ایک خاندان نہیں بلکہ ریاستی عوام کے دلوں کی دھڑکن اور امید بن چکے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، کارکنان اور آزاد کشمیر کے باشعور عوام ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ان کے جانی و مالی نقصان کی کسی بھی کوشش میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے کارکنان سردار تنویر الیاس خان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا سیاسی، قانونی اور عوامی سطح پر منہ توڑ جواب دیں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں