راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ،سٹیٹ ویوز ) راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم کشمیری طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو روشن بنانے کے لیے ایک تاریخی اعلان اُس وقت سامنے آیا جب مقبول حسین ڈار نے اپنے ادارے گلوبل سکولز اینڈ کالجز سسٹم کی 30 سالہ شاندار کامیابی کی تقریب میں جموں کشمیر یونائیٹڈ فورم راولپنڈی اسلام آباد کے چیئرمین شفیق بٹ کی تجویز اور تحریک پر جڑواں شہروں کے 500 نجی تعلیمی کیمپسوں میں ایک ہزار کشمیری بچوں کو مکمل فری اسکالرشپس اور تین ہزار بچوں کو نصف فیس اسکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کیا.

جس کی مجموعی مالیت 50 لاکھ روپے ماہانہ ہے اور اس پر ابتدائی چھ ماہ تک مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، جب کہ آئندہ برسوں میں اس پروگرام کو بڑھا کر کشمیری خاندانوں کو ماہانہ کروڑوں روپے کا تعلیمی ریلیف دینے کا ہدف رکھا گیا ہے، اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر تعلیم آزادکشمیر میاں عبدالوحید نے اس اقدام کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم کشمیری بچوں کے لیے غیر معمولی سہولت ثابت ہوگا.
تقریب میں پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک اسلام آباد اور جموں کشمیر یونائیٹڈ فورم کے رہنماؤں سمیت اہم شخصیات شریک تھیں اور اعلان کیا گیا کہ اس پروگرام کے تحت 1000 بچوں کو مکمل فری اسکالرشپس، لگ بھگ 2000 بچوں کو 50 فیصد رعایتی اسکالرشپس اور کشمیری بچوں کے لیے نجی تعلیمی اداروں میں باقاعدہ آسان داخلوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، جو کشمیری کمیونٹی کے لیے بڑے پیمانے پر تعلیمی اور معاشی ریلیف فراہم کرے گا۔