اسلام آباد (ذیشان گردیزی )انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) کے سینٹر فار افغانستان، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ (CAMEA) کے زیر اہتمام “ایران میں ارتقائی صورتحال اور پاکستان کا پالیسی ردعمل” کے موضوع پر ایک گول میز مذاکرہ منعقد ہوا جس میں سابق سفارتکاروں، ماہرینِ تعلیم اور امورِ خارجہ کے ماہرین نے شرکت کی۔
مذاکرے کے شرکاء نے کہا کہ حالیہ امریکی اور اسرائیلی حملوں اور اس کے بعد ایران کی جوابی کارروائیوں کے باعث ایران کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے، جس کے اثرات پورے مشرقِ وسطیٰ میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان پیش رفتوں نے خطے میں عدم استحکام اور سیکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے مکالمے اور سفارتی روابط کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ خطے کو مزید تصادم سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے دوران سفارتی رابطوں اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے ایک ممکنہ ثالثی کردار ادا کر سکتا ہے۔