پہلا ایلیمنیٹر: حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا

53

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ کنگز مین فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جمعے کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے ناک آؤٹ مقابلے میں حیدرآباد کنگز مین نے 160 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔کنگز مین کی جانب سے معاذ صداقت 64 رنز ناٹ آؤٹ اور عثمان خان 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صائم ایوب 15 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے جبکہ کپتان مارنس لبوشین 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور اسٹیون اسمتھ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل حیدرآباد کنگز مین کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے شان مسعود کی بہترین بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔

سلطانز کی جانب سے شان مسعود 69 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔دیگر بلے بازوں میں محمد نواز 18، صاحبزادہ فرحان 15، اسٹیون اسمتھ 13، کپتان ایشٹن ٹرنر 9، پیٹر سڈل 9، جوش فیلیپی6، فیصل اکرم 4، محمد عمران 2 اور عرفات منہاس 1 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔کنگز مین کی جانب سے عاکف جاوید، حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب اور گلین میکسویل نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں