مظفرآباد( سٹیٹ ویوز )جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی صدر خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ اور مرکزی سیکرٹری جنرل خلیق الرحمن سیفی ایڈووکیٹ نے میڈیا کو جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوامی راہنما اور منتخب اسمبلی ممبر معراج ملک کی رہائی کا حکم اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ان کی نظربندی کو کالعدم قرار دیا جانا قانون و انصاف کی فتح ہے۔
صدر لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر نے کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے مرکزی راہنما اور ڈوڈہ سے منتخب اسمبلی ممبر معراج ملک دراصل ریاستی عوام کے بنیادی اور اہم مسائل کے حل کیلئے اپنی مؤثر اور جاندار آواز بلند کر کے حکومت سے مسائل کے تدارک کیلئے مطالبات کر رہے تھے جنہیں جبری طور پر نظربند کر کے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن ہائیکورٹ آف جموں کشمیر اینڈ لداخ نے حکومت اور بھارتی انتہاپسندانہ اقدام کو غیر قانونی قرار دے کر منتخب ممبر اسمبلی معراج ملک کو رہا کرنے کے احکام صادر کیے جو کہ نظام عدل و انصاف پر عوامی اعتماد بحال کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل لبریشن لیگ خلیق الرحمن سیفی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین محض جمہوری اور عوامی آواز کو دبانے کیلئے بنائے گئے ہیں جن کے تحت جبری اور غیر جمہوری رویوں پر آوازِ احتجاج بلند کرنے والوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اسی سازش کا پیش خیمہ ہے کہ جموں کشمیر کے منتخب عوامی لیڈر معراج ملک کو عوامی بنیادی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم معراج ملک کی رہائی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے مشن کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ جموں کشمیر لبریشن لیگ عوامی حقوق کی فراہمی اور بالادستی کیلئے معراج ملک کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔