مضاربہ سرمایہ کاری

وہ میرا پڑوسی ہے اس نے پہلے جیب کتروں کا کام شروع کیا کئی بار پکڑا گیا چھترول کے علاوہ جو جیب میں ہوتا وہ بھی دینا پڑتا ۔پھر دودھ میں پانی ملا کر بیچنے کا کاروبار شروع کیا پہلے ہفتے میں ہی بلدیہ کے ڈاکٹر نے پکڑ لیا اور پورے ہفتے کی کمائی اس کے حوالے کرکے جان بچائی.

پھر ایک روز اس نے ملک کے نامور مذہبی لوگوں کی جانب سے اسلامی مضاربہ سرمایہ کاری کے بارے میں پڑھا جنہوں نے چند ہی روز میں 50ارب روپے سے زائد جمع کرلئے اگرچہ اس کو بدنام کرنے کیلئے سود خورجہنمی لوگ اسے مضاربہ سکینڈل کا نام دیکر بدنام کرتے ہیں اب میرے پڑوسی نے بھی یہی کام شروع کردیا ہے ا س نے پہلے ہی مہینے 75لاکھ روپیہ جمع کرلیا ہے کوئی واپسی کا مطالبہ کرے تو کہتا ہے یہ رقم تمہاری آخرت کی کھیتی ہے اگلے جہاں میں اصل زر سمیت ہزاروں گنا زیادہ ملے گا میں نے اس سے پوچھا تو نے یہ سب کہاں سے سیکھا ہے کہنے لگا “اس ملک کا 70سال کا تجربہ سکھاتا ہے کہ اس قوم کو مذہب کے نام پر لوٹنا بہت آسان ہے تو بھی اس کاروبار میں شامل ہوجا۔