Bird killer

پرندوں کا قاتل پراسراردرخت

نیویارک سٹی(نیوزڈیسک)یہ خبر ایک ایسے قاتل درخت کے بارے میں ہے جو پرندوں کو اپنے لیس دار گوند جیسے مادے میں جکڑ لیتا ہے اور آخرکار وہ پرندہ بھوک پیاس سے تڑپ تڑپ کرمرجاتا ہے۔

دنیا میں ایک ایسی قسم کا درخت بھی پایا جاتا ہے جو پرندوں کے قاتل کے طورپر مشہور ہے۔ پسونیا برونونیانا (Pisonia Brunoniana) نام کا یہ درخت ہوائی سے نیوزی لینڈ تک منطقہ حارہ (ٹراپیکل) کے علاقوں میں جبکہ بحر ہند اور بحرالکاہل کے جزائر پر بھی پایا جاتا ہے۔

قاتل درخت اپنی شاخوں پر اگنے والے خاص قسم کے پھولوں میں موجود لیس دار گوند والے بیجوں کو پرندوں کے شکار کےلیے استعمال کرتا ہے۔ لیس دار گوند میں لپٹے ہوئے یہ بیج پرندوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں اور جو پرندہ ان کے حصول کےلیے درخت پربیٹھا ہے، اس گوند جیسے مادے سے چپک کر رہ جاتا ہے۔ یہ گوند اس قدر طاقتور ہوتا ہے کہ پرندہ خود کو اس کے چنگل سے چھڑانے میں کامیاب نہیں ہو پاتا اور آخرکار بھوک پیاس سے تڑپ تڑپ کر مرجاتا ہے۔ اس درخت کی ساخت اور اس میں پائی جانے والی قاتل خصوصیات کے باعث اسے ’’برڈ کیچر‘‘ یا ’’برڈ کلر‘‘ (پرندوں کا قاتل) درخت بھی کہا جاتا ہے۔