لاہور کے ایک ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کر دی

لاہور(سٹیٹ ویوز/ویب ڈیسک) لاہور ایئرپورٹ پر ڈیوٹی کرنیوالے بزرگ ٹیکسی ڈرائیور عبدالخالق نے ایمانداری کی انتہا کر دی، پارکنگ سے ملنے والے ساڑھے تین لاکھ روپے مسافر کو واپس لوٹا دیئے۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مسافر محمد علی سری لنکن ایئر لائنز کی پرواز 185 پر کولمبو سے لاہور پہنچا جس نے اپنا پرس ایئرپورٹ کی پارکنگ میں کھو دیا،

اس دوران قریب سے گزرنیوالے بزرگ ٹیکسی ڈرائیور عبدالخالق ابراہیم نے زمین پر پڑا پرس دیکھا تو اٹھا کر ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا بعد ازاں ایئرپورٹ پولیس نے مسافر کو تلاش کر کے تصدیق کے بعد ساری رقم اصل مالک کے حوالے کر دی۔

دوسری جانب اپنی گمشدہ رقم ملنے پر سری لنکا سے آنیوالے مسافر محمد علی نے ایئرپورٹ کے بزرگ ٹیکسی ڈرائیور عبدالخالق ابراہیم سمیت ایئرپورٹ پولیس کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پارکنگ ٹھیکے سے متعلق معلومات کے لئے وزیراعظم کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

یہ خط ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی طرف سے لکھا گیا ہے جس کی نقل صدر مملکت ،سیکرٹری فنانس ، سیکرٹری ایوی ایشن اور دیگر کو بھجوائی گئی ہے، خط میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر پارکنگ کی توسیع کے ٹھیکے سے متعلق سوال اٹھائے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پارکنگ منصوبے کی توسیع کی ضرورت پیش کیوں آئی ،

پارکنگ منصوبے کی فیزیبییلٹی رپورٹ کس نے تیار کی ، پارکنگ توسیعی منصوبے کے لئے کیا پیپرا رولز پر عمل کیا گیا اور ٹھیکہ کس کمپنی کو کس قانون کے تحت دیا گیا ، توسیعی منصوبے کے ٹھیکے کے لیے نیلامی کیسے کی گئی اور کیا اخبار میں اشتہار دیا گیا ،

منصوبے سے متعلق اگر وفاقی کابینہ سے مشاورت کی گئی تو منٹس آف میٹنگ فراہم کئے جائیں، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 (اے )کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے ، پنجاب ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 ء اور فریڈم آف انفارمیشن آرڈیننس 2002 ء کے تحت معلومات فراہم کی جائیں ورنہ ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔