UC chairman

روات میں طلباء کی مسلح تنظیم کا انکشاف،یوسی چیئرمین کاوزارت داخلہ سے اورآئی جی سے رجوع

اسلام آباد (راجہ ارشد محمود/سٹیٹ ویوز) روات کے علاقے میں طلباء کی مسلح تنظیم کا انکشاف روات قلعہ کے کھنڈرات میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات بھی ہو رہے ہیں چیئر مین یوسی روات چوہدری اظہر محمود کے سنسنی خیز انکشافات وزارت داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو تحریری طور پر مطلع بھی کر رکھا ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی اس ضمن میں چیئرمین یونین کونسل روات چوہدری اظہر محمود نے سٹیٹ ویوز کو بتایا کہ روات شہر اور دیگر ملحقہ میں گزشتہ کچھ عرصہ سے طلباء تنظیم کی آڑ میں مسلح افراد پراسرار اور خطرناک قسم کی کارروائیوں میں ملوث ہیں اور ان کا ٹارگٹ مختلف تعلیمی اداروں کے نوجوان ہیں جن کا مستقبل اور پڑھائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔

چوہدری اظہر کا مزید کہنا تھا کہ روات قلعہ کے کھنڈارت میں چھوٹے چھوٹے ویران کمرے ہیں اور اس قلعہ میں صبح سے شام تک دس سالہ بچوں سمیت پچیس چھبیس سال کے نوجوانوں کا ڈیرہ جما رہتا ہے یہاں پر بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کی خبریں بھی زبان زد عام و خاص ہیں لیکن اس تنظیم کے مسلح کارندوں کے خوف سے کوئی بولنے کو تیار نہیں چوہدری اظہر نے مزید بتایا کہ ان کے پاس ناقابل تردید و سنسنی خیز شواہد موجود ہیں ۔

چوہدری اظہر نے مزید بتایا کہ اس تنظیم کے کارندوں کے خلاف اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں لیکن یہ امر سمجھ سے بالا تر ہے کہ اس تنظیم کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی چوہدری اظہر نے کہا کہ انھوں نے بحیثیت چیئرمین یونین کونسل اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد اور وزارت داخلہ کو تحریری مطلع کر دیا ہے لیکن تاحال ان اداروں نے اس ضمن میں کوئی کارروائی نہیں کی ان کا کہنا تھا کہ اگر صورت حال یہی رہی تو عنقریب کسی بڑے اور جاں لیوا واقعہ کا ظہور ممکن ہے