بجلی کنکشن ،میٹرز کی تبدیلی کا نیا حکومتی پلان آگیا

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خراب میٹرز کی کی تبدیلی اور نئے کنکشن کی تنصیب کے زیر التوا معاملات کو 31 مارچ تک ہر صورت میں حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کے بجلی کے نئے کنکشن کیلیے نئے طریقہ کار کو 15 مارچ سے لاگو کیا جائے تاکہ کنکشن کیلیے جدید ٹریکنگ سسٹم کی ایپلیکیشن کی مدد سے صارفین کو سہولیات فراہم کی جاسکیں اور انکا وقت بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے کنکشن کیلئے پرانے طریقہ کار کے بجائے نئے طریقہ کار کو اپنایا جائے گا اور حکام کو ہدایت کی کہ اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔وہ منگل کے روز اسلام آباد میں پاور ڈویژن میں بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن سمیت تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ایم ڈی پیپکو اور پاور ڈویژن کے کے متعلقہ حکام موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو خراب میٹرز کی تبدیلی اور نئے کنکشن کی تنصیب کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کے بجلی کے نئے کنکشن کی تنصیب کی درخواستوں کو کم وقت میں نمٹانے کیلیے نئی ایپلیکیشن کے زریعے پرانے طریقہ کار کی نسبت دو سے چار مہینے کم وقت درکار ہوگا۔ جبکہ آن لائن سہولت کے زریعے بجلی کنکشن کی درخواستوں کا سٹیٹس جاننے کیلئے صارفین کو رسائی حا صل ہوگی۔ وفاقی وزیر نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو مزید ہدایت کی کہ متعلقہ کمپنیوں کے مالی معاملات میں بہتری لانے کیلئے تجربہ کارمالیاتی منیجرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کی بہتری کیلیے مالیاتی انتظام ایک اہم عنصر ہے اور ماہرین کی سطح پر اسکو سنبھالنے کی ضرورت ہے۔ سردار اویس احمد خان نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈسکوز اپنی اپنی سطح پر ٹیرف کے عمل کو بہتر کرنے کیلئے موجودہ قوانین اور قوائد و ضوابط کا مطالعہ کر کے تفصیلی جائزہ لیں تاکہ اس سال مارچ کے مہینے کے اختتام تک ٹیرف کی وجہ سے تکنیکی نقصانات میں کمی لائی جاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ موبائل میٹرز کی تنصیب اور انکی ریڈنگ میں بہتری لانے کیلیے تمام تر کوسسیں عمل میں لائی جائیں تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جاسکے۔ انہوں نے موبائل میٹر ریڈنگ کے عمل میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں تمام ڈسکوز کی کارکردگی جانچننے کیلئے جنوری کے مہینے کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ مجموعی طور پر کام کی کارکردگی میں بہتری لانے اور ٹارگٹ کے حصول کیلئے مختلف امور زیر بحث آئے۔