وزیراطلاعات آزادکشمیر مشتاق منہاس کی بھارت کو وارننگ

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ آزادی مقبوضہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔نہتے کشمیریوں کو ظالم و جابر بھارتی فوج جس ریاستی بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے اس کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا جانا چاہیے ۔وزیراطلاعات آزادکشمیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سمجھ لے اور جان لے کہ کشمیری عوام اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور نہ رہیں گے ہم پاکستان ہیں ،تھے اوررہیں گے ۔جس طرح دل کو انسانی جسم سے جدا نہیں کیا جا سکتا اس طرح پاکستانیوں اور کشمیریوں کو جدا نہیں کیا جا سکتا ۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے جسے کشمیری قوم نے کبھی قبول نہیں کیا اور قیام پاکستان سے لیکر آج تک کشمیری مقبوضہ ریاست کی آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورمسئلہ کشمیر کا پائیدارحل اقوام متحدہ کی کشمیر قرار دادوں میں مضمر ہے ۔ وزیر اطلاعات نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہےکہ مسئلہ کشمیر سمیت جملہ قومی امور پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی پالیسی ایک ہونی چاہیے تا کہ تحریک آزادی کیلئے مصروف عمل بہادر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم پر پیشرفت سے لائن آف کنٹرول کے اس پار بھی مثبت پیغام گیا ہے ۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آباد کشمیری پاکستان کی سیکنڈ ڈیفنس لائن کا کردار ادا کررہے ہیں۔ پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ اپنی وابستگی کو برقرار رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے قبل ہی قرار داد الحاق پاکستان منظور کر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کر لیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ آج تک کشمیری الحاق پاکستان کی منزل کے حصول کے بعد تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔