وزیر داخلہ بلوچستان، وزیر اعظم پر برس پڑے

کوئٹہ(نیوز ڈیسک ) صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم چیئرمین سینٹ سے متعلق اپنا بیان واپس لیں ورنہ ہم بھی الفاظ کا ذخیرہ رکھتے ہیں ،نئی پارٹی بننے سے بلوچستان کے مسائل پر قابو پا لیا جائے گا ،

آئندہ انتخابات میں بلوچستان میں اکیلے حکومت بنائیں گے ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کا بلوچستان سے منتخب ہونا اچھا اقدام ہے، وزیراعظم چیئرمین سینٹ سے متعلق اپنا بیان واپس لیں ورنہ ہم نے الفاظ کا ذخیرہ رکھتے ہیں،

بلوچستان کو اب ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے ،ماضی میں جو کچھ ہوا اس پر ہم نہ تنقید کرتے ہیں اور نہ کسی کے خلاف بات کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئی پارٹی میں ذوالفقار مگسی ،جان جمالی ، منظور کاکڑ سمیت دیگر قبائلی و سیاسی شخصیات ہمارے ساتھ ہیں اور کئی لوگ شمولیت کرنے کے سلسلہ میں رابطے میں ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی طاقت اور دوستوں کی قوت سے آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد آئندہ اکیلے حکومت بنائیں گے اور وفاق سے بلوچستان کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نئی پارٹی کے لئے سب کو اکٹھا کرنا ہوگا، بلوچستان کی تبدیلی کے لئے سردار اختر مینگل اور جمعیت علماء اسلام نے ساتھ دیا تھا اور سینٹ انتخابات کے لئے بھی انہوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا ۔