مزید خاموش نہیں رہ سکتے ،چین بھی بھارت کےخلاف میدان میں آگیا

بیجنگ (آن لائن) چینی میڈیا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی چین کے لئے سخت چیلنجوں میں سے ایک ہو گی۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کو جاگ جانا چاہیے ۔پاکستان کے مسئلہ کشمیر پر موقف کی حمایت کرتے ہیں ۔

چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز نے رپورٹ میں کہا کہ کس طرح ایک خطہ ایک سڑک، پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی وجہ سے چین ، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تنازعہ کا باعث بننے والے مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی رکھتا ہے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین ہمیشہ سے دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے اصول پر عمل پیرا رہا ہے لیکن وہ غیر ممالک میں چینی سرمایہ کاروں کے تحفظات کے مطالبے پر کان بند نہیں کر سکتا ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک خطہ ، ایک سڑک پراجیکٹ کے تحت مختلف ممالک میں بیجنگ کی بھاری سرمایہ کاری کے تناظر میں چین ، پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل سمیت دیگر تنازعات کے حل میں ذاتی دلچسپی رکھتا ہے رپورٹ میں مشورہ دیا گیا ہے کہ بیجنگ اپنے مضبوط تجارتی انٹر کی بنا پر خطے میں ان تنازعات کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ساتھ ہی اسی بات پر زور دیا گیا کہ بھارت سمیت خطے کی بڑی طاقتوں سے نمٹنے کے لئے دانائی سے کام لینا ضروری ہے

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک اپنے مفادات کے تحفظ کی غرض سے علاقائی تنازعات سے نمٹنے کے لئے مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی چین کے لئے شائد سخت چیلنجز میں سے ایک ہو گی۔