چوہدری نثار کی پارٹی وابستگی شکوک سے بالا تر ہے ،شیخ ذیشان

ٹیکسلا/واہ(محمّد کلیم اللہ خان/سٹیٹ ویوز)مسلم لیگ ن کے سرکردہ راہنما شیخ ذیشان سعید نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پارٹی سے وابستگی شکوک و شبہات سے بالا تر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔انہوں نے کہا کے مینار پاکستان میں منعقدہ تحریک انصاف کے ہونے والے جلسے میں انکی شمولیت کی حسرت لے کر شریک ہونے والے خالی ہاتھ گھروں کو لوٹے ہیں ۔اور ہمیشہ یہ حسرت دل میں رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کاز کے لئے چوہدری نثار نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔مشرف جیسے جابر ڈکٹیٹر کے سامنے نہیں جھکے اور قوم کی بین الاقوامی سطح پر عزت نفس بحال کی ۔جس میں این جی اوز کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ، امریکیوں کے لئے ویزوں کی اجرا کی پالیسی اور غیر رجسٹرڈ تارکین وطن کے جہازوں کو واپس بھیجنے کے اقدامات ایک ملک و قوم اور پارٹی سے مخلص لیڈر ہی کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو لیڈر چوہدری نثار کی جگہ علاقہ سے منتخب ہونے کا سوچ رہے ہیں وہ اپنی موجودہ سیاسی حیثیت سے بھی ہاتھ دھونے کے لئے تیار رہیں ۔