شمشال وادی میں گلیشیئرز پگھلنے کا خطرہ،الرٹ جاری

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز )چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ( این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ شمشال ویلی میں خردوپن گلیشئرز کے پھیلنے کی وجہ سے سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر پیدا ہونے والی صورت حال کی ہمہ وقت نگرانی جاری رکھی جائے۔

وہ آج وزیرعظم پاکستان کی طرف سے تشکیل کردہ ماہرین کی ٹیم کے شمشال ویلی کے دورہ کے بعد پیش کی جانے والی سفارشات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ڈی ایم اے گلگت بلتستان کو تجویر دی کہ شمشال ویلی اور ملحقہ علاقوں میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اطلاعات کا مربوط نظام وضع کیا جائے اور این ڈی ایم اے کو تمام صورت حال سے آگاہ رکھا جائے ۔

اُنہوں نے ڈی ایم اے گلگت بلتستان کوتمام وفاقی محکمہ جات کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ڈائریکٹر جنرل ڈی ایم اے گلگت بلتستان فرید احمد نے میٹنگ کے شرکاء کو تفصیلی پریزنٹیشن میں ماہرین کی ٹیم کے جانب سے دی گئی تجاویزکو اجلاس کے سامنے رکھا ، اور موجودہ صورت حال اور خطرے کی نوعیت کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وقتی طور پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن گلیشئرز کے بڑھنے سے مستبقل میں شمشال ویلی اور خصوصاً مین روڈ خطرے سے دوچار ہو سکتی ہیں لہذا صورت حال کا ہمہ وقت نگرانی کو یقینی بنانا ہو گا۔